لاہور میں سموگ کے باعث تعلیمی اداروں میں ہفتے میں 3 چھٹیوں پرغور

0
Pakalerts.pk

سموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث لاہور میں حکام نے تعلیمی اداروں کے اوقات کار اور چھٹیوں میں ردوبدل پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ممکنہ طور پر جمعہ، ہفتہ، اور اتوار کو چھٹی دی جا سکتی ہے۔ حتمی فیصلہ ادارہ تحفظ ماحولیات کے اجلاس میں کیا جائے گا، جو نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، جہاں سموگ کی شدت کا جائزہ لیا جائے گا۔

آج لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 208 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں یہ سطح مزید بڑھ کر 300 سے زائد تک پہنچ چکی ہے۔ شہر میں سموگ کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت نے چند علاقوں میں گرین لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے، جس میں تعمیراتی سرگرمیوں، چنگ چی رکشوں، کمرشل جنریٹرز، اور رات 8 بجے کے بعد بار بی کیو اور کھلے فوڈ پوائنٹس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکام نے سموگ کے خاتمے کے لیے لاہور کے اردگرد ایک گرین رنگ بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس میں درختوں کی جیوٹیگنگ اور صنعتی علاقوں میں شجرکاری شامل ہو گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسکولز اور کالجز میں طلبہ پر مشتمل "گرین فورس” بنانے کی ہدایت بھی دی ہے، جو گرین پراجیکٹس میں شامل ہوں گے تاکہ ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

Exit mobile version