اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت 5 اضلاع میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

0
120
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پانچ اضلاع کو سیف زون بنانے کے لیے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس حوالے سے ان کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے، موبائل سم کے اجرا پر پابندی لگانے اور لین دین یا جائیداد کی خرید و فروخت کے لیے اسٹامپ پیپرز کی فروخت روکنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، مری اور ہری پور کے ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے۔

چیف کمشنر نے ہدایت دی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی دوبارہ آبادکاری کو روکنے کے لیے جامع پلان بنایا جائے اور ان کا مکمل ریکارڈ تیار کیا جائے، جس میں رہائشی پتے اور دیگر تفصیلات شامل ہوں۔

مزید برآں 5 اضلاع کو سیف زون بنانے کے لیے ایف آئی اے اور نادرا کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کی جائے گی، جب کہ گھروں اور ہوٹلوں میں غیر ملکی کرایہ داروں کے طور پر رجسٹر نہ ہونے والے افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام کے مطابق صرف وہ غیر ملکی رہائش اختیار کر سکیں گے جن کے پاس درست ویزہ یا اجازت نامہ ہوگا، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

سورس اردو پوائنٹ