امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا مل کر پی ایس ایل کی شاندار کامیابی کیلئے پُرامید ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور پی ایس ایل کو مبارکباد دیتی ہوں، پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری فواد سرور کو حیدرآباد ٹیم خریدنے پر مبارکباد دیتی ہوں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی انٹری
امریکی ناظم الاامور نے کہا کہ حمزہ مجید کو بھی پی ایس ایل ٹیم خریدنے پر مبارکباد دیتی ہوں، پاکستانی نژاد فواد سرور کی جانب سے ٹیم خریدنا امریکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کیلئے آسٹریلوی اور امریکی کمپنیوں نے بولی میں حصہ لیا۔
فرنچائز اونر حیدرآباد ٹیم فواد سرور نے کہا کہ یقین نہیں آتا یہ خواب ہے یا حقیقت، خواب کو حقیقت میں بدلتے دیکھ رہا ہوں۔
سیالکوٹ فرنچائز اونر حمزہ مجید نے کہا کہ ہمیشہ خواہش تھی کہ پاکستان کیلئے کچھ کریں، کرکٹ ہمارے خون میں شامل ہے، سیالکوٹ کے پاس ایئرپورٹ اور ایئرلائن تھی اب کرکٹ ٹیم بھی آگئی۔
