جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے اور کسی سیاستدان کو قید کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ مولانا نے واضح کیا کہ امریکا کی سیاست میں وہ کوئی مداخلت نہیں کرتے اور نہ ہی انہیں اپنے ملک میں مداخلت کی اجازت دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خواجہ آصف کے واقعے پر قانون کے مطابق کارروائی کرے۔
مولانا فضل الرحمان نے خواجہ آصف کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جمہوریت کی کمزوری میں سیاستدانوں کے کردار پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کی خاطر جمہوریت پر سمجھوتے کیے ہیں اور آئین و جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے عمران خان سے کسی بھی ڈیل کے علم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائی فی الحال ممکن نظر نہیں آتی لیکن ملکی سیاست میں کسی بھی وقت تبدیلی آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مظاہرے اور جلسے کرنے کا حق ہے، اور انہیں اس سے نہیں روکا جانا چاہیے تھا۔ اس کے علاوہ، مولانا نے واضح کیا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کی بہنوں کی ضمانت میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔
مولانا نے بتایا کہ ان کا دورہ برطانیہ نواز شریف سے ملاقات کے لیے طے نہیں تھا، مگر اگر ملاقات ہو بھی جاتی ہے تو کوئی حرج نہیں۔
