مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کو سموگ کے مسائل میں مبتلا چھوڑ کر باپ بیٹی یورپ کی سیر پر روانہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بیان میں الزام عائد کیا کہ مریم نواز پرائیوٹ جیٹ ہائیر کر کے جنیوا پہنچی ہیں، اور اطلاعات کے مطابق جہاز صندوقوں اور سوٹ کیسز سے بھرا ہوا تھا۔ بیرسٹر محمد سیف نے کہا کہ پنجاب میں سموگ کی بدترین صورتحال نے عوام کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، لیکن شریف خاندان کو عوامی مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ یورپ میں علاج کروانے سے پنجاب کے ہسپتالوں کی ناکامی ظاہر ہوتی ہے، جنہیں بار بار اقتدار میں آنے کے باوجود شریف خاندان ایسا نہیں بنا سکا کہ وہ اپنے ہی ملک میں علاج کروا سکیں۔ انہوں نے مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب کے ہسپتالوں کی تعریفیں تو بہت کرتی ہیں مگر خود علاج کے لیے باہر کا رخ کرتی ہیں۔
