پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 142 ہوگئی جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 7483 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق آج سندھ میں کورونا سے 2 اور پنجاب میں کورونا سے 1 جبکہ خیبرپختونخوا میں کرونا سے 5 اموات ہوئی جس کے بعد ملک بھر کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 137 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں کوروناوائرس سے جاں بحق مریضوں کی اعداد و شمار کے مطابق اس وقت سندھ میں 47 ، بلوچستان میں 5 ، خیبرپختونخوا میں 45 ، اسلام آباد میں 1، گلگت بلتستان میں 3 ، پنجاب میں 36 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر افتخار نے کورونا وائرس سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاہور میں 48 سالہ مریض جاں بحق ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر افتخار نے یہ بھی کہا کہ جاں بحق ہونے والا مریض چند روز قبل اسپتال داخل ہوا ،کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد سروسز اسپتال میں زیر علاج تھا اور اچھرہ کے علاقے کا رہائشی تھا۔
ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر افتخار نے مزید کہا کہ لاہور میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے جبکہ پنجاب میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 36 ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء دنیا کے 200 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہے جس میں 1،49،884 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 22 لاکھ 19 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دوسری جانب اس وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
اس مہلک وائرس کے سب سے زیادہ مصدقہ مریض امریکہ میں ہیں جہاں 6 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد 35 ہزار 300 سے تجاوز کرگئی ہے۔
