کوئٹہ کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں ایک دستی بم دھماکے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، یہ دھماکہ چالو باوڑی چوک کے قریب ہوا، جہاں نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا۔
پولیس کے مطابق، واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، اور جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ دھماکہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب گزشتہ رات بھی کوئٹہ کے دو مختلف علاقوں، گوالمنڈی تھانے اور سریاب روڈ پر، دھماکے ہوئے تھے جن میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس تازہ حملے نے شہر میں دہشت گردی کی نئی لہر کے آغاز کے خدشات کو جنم دیا ہے۔
پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں، اور شہر میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ مزید واقعات کو روکا جا سکے
