2026 کی سب سے بڑی چوری، گھریلو ملازماؤں نے 100 سے زائد تولہ سونا لوٹ لیا

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

کراچی (08 جنوری 2026): شہر قائد کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں رواں سال کی سب سے بڑی چوری کی واردات ہوئی ہے، دو گھریلو ملازمائیں 100 تولے سے زائد سونا لوٹ کر فرار ہو گئیں۔

محمد علی سوسائٹی میں چوری کی ایک بڑی واردات ہوئی ہے جو 2026 کی سب سے بڑی واردات ہے، جس میں دو گھریلو ملازماؤں نے سو تولے سے زائد سونا لوٹ لیا، جس کی مالیت ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، بہادر آباد تھانے میں واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

واردات کرنے والی گھریلو ملازماؤں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو فراہم کر دی گئی ہے، ایک ماسی نے چہرہ کھلا دوسری نے کالے رنگ کا ماسک لگا رکھا تھا، فیملی ذرائع کے مطابق ایک روز قبل ہی ماسیوں کو گھر پر کام کے لیے رکھا تھا۔

فیملی کے مطابق بلڈنگ کے چوکیدار کی ضمانت پر ماسیوں کو نوکری دی گئی تھی، چوکیدار نے بتایا تھا کہ نادیہ اور دلشاد آپس میں نند بھاوج ہیں، دونوں ماسیاں کام کرنے آئیں اور 6 بجے واپس چلی گئیں، لیکن گھر کی خواتین رشتہ داروں کے گھر سے شام کو واپس آئیں تو دیکھا کمرے میں الماری کے لاک ٹوٹے ہوئے تھے۔

گھر کے فرش پرسونے کے زیورات کے ڈبے پڑے ہوئے تھے جن میں سے سونے کے 6 سیٹ، انگوٹھیاں، اور کڑے چوری ہو گئے تھے، ایک اندازے کے مطابق چوری ہونے والے سونے کے زیورات 100 تولے سے زائد تھے۔

متاثرہ فیملی نے درخواست کی ہے کہ دونوں ماسیوں نادیہ اور دلشاد کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کا چوری شدہ سامان ریکور کروایا جائے۔

Exit mobile version