مقتولہ نے بیرون ملک سفر سے قبل ایک دوست کو سونا اپنے پاس محفوظ رکھنے کیلئے دیا، واپسی پر سونا لینے گئی تو تب سے لاپتہ تھی
ایبٹ آباد میں 67 تولے سونے کے لالچ میں لیڈی ڈاکٹر کو قتل کرکے جنگل میں دفن کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایبٹ آباد کے ایک ہسپتال سے چار روز قبل اغوا ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کو قتل کرکے جنگل میں دفن کیا گیا تھا، ڈاکٹر وردہ کا دوست کے ساتھ 67 تولے سونے کا تنازعہ تھا، لیڈی ڈاکٹر کو چار روز قبل ڈی ایچ کیو ہسپتال سے اغوا کیا گیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ڈاکٹر کے اغواء میں ملوث ہونے کے الزام میں ڈاکٹر کی دوست اور اس کے شوہر کو پہلے ہی گرفتار کرلیا تھا، اس جوڑے کے ذمہ مقتولہ کے 67 تولے سونا واجب الادا تھا، ڈاکٹر وردہ نے بیرون ملک سفر سے قبل اس دوست کو تقریباً 67 تولے سونا اپنے پاس محفوظ رکھنے کے لیے سونپا تھا، مبینہ طور پر وہ واپسی پر سونا واپس لینے گئی اور تب سے لاپتہ تھی۔معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹر وردہ 4 روز قبل ڈی ایچ کیو ہسپتال سے اپنی اس قریبی خاتون دوست کے ساتھ چلی گئی تھیں اور اس کے بعد سے واپس نہیں آئیں تھیں، ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر کے اغوا کے خلاف صوبہ بھر میں احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کیا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کی اس دوست نے اسے کرائے کے قاتلوں کے حوالے کیا اور اب اس کی لاش ٹھنڈیانی کے جنگلات میں دفن ہوئی ملی ہے، پولیس کی ایک پارٹی جنگل میں گئی اور ڈاکٹر کی لاش برآمد کی۔
