سوشل میڈیا پر ایک نوجوان کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں اس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اڈیالہ جیل کے اہلکار کو رشوت دے کر سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کو دیکھا۔
نوجوان کا کہنا ہے کہ 26 نومبر کے کیس میں گرفتاری کے بعد جب اسے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تو اس نے اہلکاروں سے عمران خان کو دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس کے مطابق، ایک اہلکار نے کہا کہ ملاقات کے لیے 20 ہزار روپے درکار ہوں گے۔ نوجوان نے مزید بتایا کہ اس کے پاس 10 ہزار روپے تھے، جو اس نے اہلکار کو دے دیے۔
ویڈیو میں نوجوان نے کہا کہ اہلکار اسے ہسپتال کے بہانے ایک طرف لے گیا اور دور سے عمران خان کا کمرہ دکھایا، جہاں وہ مبینہ طور پر جائے نماز پر بیٹھے قرآن کی تلاوت کر رہے تھے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر نئی بحث کا باعث بن گئی ہے، تاہم اس دعوے کی آزادانہ طور پر کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔ نہ یہ واضح ہے کہ ویڈیو کب ریکارڈ کی گئی، اور نہ ہی یہ معلوم ہے کہ دعویٰ کرنے والا نوجوان کون ہے اور کس کیس میں گرفتار ہوا تھا۔ جیل حکام کی جانب سے بھی اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
سورس اردو پوائنٹ
