افغانستان سے پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ؛عطا تارڑ

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

پاکستان نے چار گنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی، افغانستان کو بھی پراکسی وار میں شکست دیں گے، وفاقی وزیرِاطلاعات کی گفتگو

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ افغانستان سے پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہوتی، ہم افغانستان کو اس پراکسی وار میں شکست دیں گے۔ جیو نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا ان سے واحد مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو، ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ افغانستان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے، افغان طالبان رجیم نے آکر کالعدم ٹی ٹی پی کو مکمل سپورٹ کیا، ان کی تشکیل میں افغان طالبان شامل ہوتے ہیں، افغان شہری ہر ملک میں ویزہ لے کر جاتے ہیں، کیا مسئلہ ہے کہ پاکستان یہ بغیر ویزہ آتے ہیں؟۔وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ طالبان رجیم اس نکتے پر نہیں آ رہی تھی کہ دہشت گردی بند کرائے، پاکستان کا حق ہے کہ اپنے دفاع میں جواب دے، جتنا صبر و تحمل کا مظاہرہ پاکستان کی جانب سے کیا گیا ہے، کیا دنیا کا دوسرا ملک کرتا؟ پاکستان نے چار گنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی ہے، ہم افغانستان کو بھی اس پراکسی وار میں شکست دیں گے، کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ۔دوسری طرف پاکستان نے میزبانوں کی درخواست پر افغانستان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کردی، ذرائع کا کہنا ہے کہ استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے مذاکرات میں نئی پیشرفت ہوئی ہے اور پاکستان نے میزبانوں کی درخواست پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، اس مقصد کے لیے پاکستانی وفد جو واپس روانہ ہونے والا تھا اب استنبول میں مزید قیام کرے گا۔اس سلسلے میں ذرائع کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذاکراتی عمل کو دوبارہ جاری رکھ کر امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مذاکرات پاکستان کے اُسی مرکزی مطالبے پر ہوں گے کہ افغانستان دہشت گردوں کے خلاف واضح، قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی کرے، پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔

Exit mobile version