پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی سی ایم ای اے) نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے رواں اکتوبر میں ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویں عالمی نمائش کیلئے ہاسپیلٹی پیکج کی منظوری پر شکریہ ادا کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق وسیع مشاورت کے بعد تیار کیا گیا یہ پیکج غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جرمنی، چین، امریکہ، برطانیہ، ہنگری اور ترکی سمیت کئی ممالک کے خریدار شرکت میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں، جو اس صنعت کیلئے حوصلہ افزا ہے۔
چیئرمین میاں عتیق الرحمان اور چیئرمین ایگزیبیشن 2025 ریاض احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روایتی حریف ملک کی جانب سے بھی نمائش کے انعقاد کے اعلان کے بعد اس ایونٹ کی کامیابی کو چیلنج کے طور پر لینا ہوگا۔ اجلاس میں پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کی چیئرپرسن اعجاز الرحمان، سینئر رہنما میجر (ر) اختر نذیر، سعید خان، محمد جاوید خان، شیخ سہیل احمد، زاہد نذیر، ظفر ادریس سولیجا، نعیم ساجد، نعیم کھوکھر، میر مدثر، فیصل سعید خان، سعید الرحمان، آصف نذیر خان اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں افتتاحی تقریب کیلئے حکومتی و سرکاری شخصیات کو مدعو کرنے اور گورنر ہاؤس میں غیر ملکی خریداروں، مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کے اعزاز میں عشائیہ دینے پر بھی غور کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ غیر ملکی خریداروں کے جوش و جذبے سے واضح ہے کہ نمائش میں بڑے پیمانے پر تجارتی معاہدے ہوں گے، جو صنعت کو نئی تقویت دیں گے۔ ایونٹ میں غیر ملکی خریداروں اور پاکستانی برآمد کنندگان کے درمیان بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی ہوں گی، جس سے تجارتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
پی سی ایم ای اے کے مطابق غیر ملکی خریداروں کو متوجہ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران بھی بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ اجلاس میں اسٹال رجسٹریشن، قالینوں کی خوبصورت ڈسپلے اور دیگر انتظامات سے متعلق تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سورس اردو پوائنٹ
