امریکا نے بی ایل اے، مجید بریگیڈ کو کالعدم دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

0
Pakalerts.pk

پاکستان میں کالعدم قرار دی گئی دہشت گرد تنظیموں کو امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھی کالعدم تنظیمیں قرار دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد امریکا نے بی ایل اے، مجید بریگیڈ کو کالعدم دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا، پاکستان میں کالعدم قرار دی گئی دہشت گرد تنظیموں کو امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھی کالعدم تنظیمیں قرار دینے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امریکا نے پاکستان میں دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث 2 تنظیموں کو کالعدم دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ گروپس کو کالعدم تنظیمیں قرار دینے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ غیر ملکی دہشت گرد تنظیمیں ہیں، دونوں تنظیمیں پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی ذمے داری قبول کر چکیں۔

ان حملوں میں بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے معصوم شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ بی ایل اے اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ نے کئی ہائی پروفائل حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جن میں انسانی جانوں کا شدید نقصان ہوا۔ دونوں گروپ عسکریت پسندی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں، جس سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔

بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کے ان حملوں پر تادیبی کارروائی عالمی سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ بی ایل اے 2019 سے غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل ہے، جبکہ اب اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو بھی غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ اس بات کا تسلسل ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتے گا۔

سورس اردو پوائنٹ

Exit mobile version