فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سیالکوٹ، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کے ہنگامی دورے کے دوران یقین دہانی کرائی تھی کہ سکھ برادری کی تمام عبادت گاہوں کی جلد از جلد بحالی یقینی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر سکھ کمیونٹی نے دربار صاحب کرتارپور میں بروقت امدادی اقدامات پر فیلڈ مارشل کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بروقت فیصلوں نے ہزاروں زندگیوں کو محفوظ بنایا۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور اور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی، سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ ہم فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جن کی قیادت میں پاک فوج کے جوان متاثرہ علاقوں میں آخری فرد کی بحفاظت منتقلی تک ڈٹے رہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سکھ برادری کا رشتہ محبت اور اخوت کا ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ فیلڈ مارشل کے کرتارپور کے دورے نے دنیا بھر کے سکھوں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ جب عالمی برادری کو یہ علم ہوا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خود کرتارپور کا معائنہ کیا، تو اس سے سکھوں کے اعتماد اور عقیدت میں مزید اضافہ ہوا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے یاتری اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔ جب وہ واپس جاتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو ہوتے ہیں کیونکہ انہیں پاکستان میں بے مثال محبت اور عزت ملتی ہے۔
دیگر سکھ رہنماؤں نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صرف 24 گھنٹوں کے اندر کیے گئے اقدامات اور کرتارپور صاحب کی بروقت بحالی پاک فوج کی بے مثال کاوشوں کا ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے سکھ عقیدت و احترام کے ساتھ پاکستان کو دیکھتے ہیں اور یہ سرزمین ہمارے لیے حقیقی معنوں میں جنت ہے۔
