پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں بانیٔ پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بابائے قوم کی بصیرت افروز قیادت اور غیر متزلزل جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن نصیب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے اصول — جمہوریت، آئین کی بالادستی اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق — آج بھی پاکستان کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
پی پی پی چیئرمین کے مطابق، قائداعظمؒ کو حقیقی خراجِ عقیدت اس وقت پیش کیا جا سکتا ہے جب ہم ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں انصاف، برابری اور مساوی مواقع ہر شہری کو بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب میسر ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائد کے لازوال اصولوں پر عمل پیرا ہو کر قوم ہر بحران اور چیلنج کا سامنا کر سکتی ہے، بشمول حالیہ تباہ کن سیلاب جس نے پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ہزاروں خاندانوں کو بے گھر کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قائداعظم کے وڑن کی حقیقی وارث ہے اور ایک ایسی مضبوط جمہوریت اور معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہے جہاں عوام کے حقوق محفوظ ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم قائداعظمؒ کی میراث کو انتہا پسندی، افلاس اور ناانصافی سے محفوظ رکھیں۔
