راولپنڈی (26 اگست 2025): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا اور انہیں ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے انہیں واضح پیغام دیا ہے کہ وہ بدستور سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے اپنا کام کرتے رہیں۔
ضمنی انتخابات پر مشاورت
سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج شام دوبارہ ہوگا جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ پارٹی انتخابی عمل میں حصہ لے گی یا نہیں۔
اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر مؤقف
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی کا نام ایک بار پھر دہرایا ہے۔ ان کے مطابق، عدالتی فیصلوں کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سابق اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور شبلی فراز ہی پارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔
استعفیٰ نہ منظور ہونے پر ردعمل
خیال رہے کہ سلمان اکرم راجا نے گزشتہ روز سیکریٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان سے ذاتی طور پر عہدے سے علیحدگی کی گزارش کریں گے تاہم پارٹی کے لیے اپنی وکالتی خدمات بلامعاوضہ جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید لکھا تھا کہ علی بخاری کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا گیا تھا لیکن عمران خان نے استعفیٰ قبول نہیں کیا جس پر وہ ان کے اعتماد کے شکر گزار ہیں۔
