حکومت کے پاور ڈویژن نے توانائی شعبہ میں قومی خزانے پر 3400 ارب روپے کا بوجھ کم کر دینے کا بھی دعوٰی کر دیا
بجلی کے بھاری بھرکم بلوں سے عوام کی معاشی کمر ٹوٹ جانے کے باوجود حکومت کا بجلی سستی کرنے کا حیران کن دعوٰی، حکومت کے پاور ڈویژن نے توانائی شعبہ میں قومی خزانے پر 3400 ارب روپے کا بوجھ کم کر دینے کا بھی دعوٰی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق خطے میں سب سے مہنگی توانائی والا ملک بن جانے کے باوجود حکومت کے پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی سستی کرنے سے متعلق حیران کن دعوے کیے گئے ہیں۔پاور ڈویڑن نے سال 2025ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی، جس میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے بجلی 8.35 روپے، صنعتی صارفین کیلئے 16.68روپے فی یونٹ سستی ہوچکی ہے، آئی پی پیز سے کامیاب مذاکرات سے صارفین، قومی خزانے پر 3400 ارب روپے کا بوجھ ختم کیا گیا جبکہ ناکارہ پاور پلانٹس کی بندش سے بجلِی صارفین سی7 ارب روپے کا بوجھ اتارا گیا۔
رپورٹ کے مطابق صنعتی اور زرعی صارفین کیلئے 22.98 روپے کا پیکیج متعارف کروایا گیا،ساڑھے 9 ہزار میگا واٹ کے بجلی منصوبے ختم کرکے عوام کو 1 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق بغیر قرض لئے گردشی قرضے میں 780 روپے کی کمی لائی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی بلوں سے پی ٹی وی فیس کی مد میں 35 روپے وصولی ختم کروائی گئی،سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی بل معاف، ادائیگیوں میں رعایت دی گئی، اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ سے میٹر ریڈنگ کا اختیار عام آدمی کے ہاتھ میں دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں 118 ہیلپ لائن کے آغاز سے سفارشی کلچر کا خاتمہ یکساں سلوک ممکن ہوا، مسابقتی شفاف بولی کے باعث اسمارٹ میٹرز ریٹس میں 40 فیصد کمی لائی گئی۔
