بی او آر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے انتخابات کے دوران پولنگ کے وقت دو گروپوں میں شدید تصادم پیش آیا جس کے نتیجے میں پولنگ عملے سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جھگڑا شاہین گروپ اور ویلفیئر گروپ کے درمیان ہوا۔
اطلاعات کے مطابق ویلفیئر گروپ کے 20 افراد لاٹھیوں کے ساتھ پولنگ اسٹیشن پر حملہ آور ہوئے۔ حملہ آوروں نے کوآپریٹو سوسائٹی کے عملے اور دیگر پولنگ اسٹاف کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے دوران پریذائیڈنگ آفیسر طیب سیف اللہ کا بازو فریکچر ہوگیا۔ واقعے میں ہنگامہ آرائی کے دوران کیمرے توڑ دیے گئے، بیلٹ باکس اور دیگر پولنگ کا سامان بھی ساتھ لے جایا گیا۔
صورتحال پر قابو پانے کے لیے کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ نے پولیس کی اضافی نفری طلب کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کنٹرول کیے اور چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے والے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
