اوٹاوا: کینیڈا نے عالمی سطح پر سفارتی روابط مضبوط بنانے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے 13 ممالک کے شہریوں کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت متعدد کیریبین اور لاطینی امریکی ممالک کے شہری مخصوص شرائط پوری کرنے کی صورت میں بغیر ویزا کینیڈا میں داخل ہو سکیں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین حکومت نے الیکٹرانک ٹریول آتھرائزیشن (eTA) پروگرام کا دائرہ کار بھی مزید ممالک تک بڑھا دیا ہے تاکہ قلیل مدتی سفر کرنے والوں کے لیے داخلے کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
نئی فہرست میں شامل ممالک میں مراکش، پاناما، فلپائن، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سینٹ لوسیا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈینز، اینٹیگوا اینڈ باربوڈا، ارجنٹینا، کوسٹا ریکا، سیشلز، تھائی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور یوراگوئے شامل ہیں۔
حکام کے مطابق یہ سہولت صرف ان مسافروں کو دی جائے گی جو ہوائی سفر کے ذریعے کینیڈا آئیں گے اور جن کے پاس گزشتہ 10 برسوں میں جاری شدہ کینیڈین ویزا ہو یا اس وقت امریکا کا درست نان امیگرنٹ ویزا موجود ہو۔ اس فیصلے کو خاص طور پر کیریبین ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کے حوالے سے ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
