لاہور (21 ستمبر 2025): پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز، دو بڑی چینی کمپنیوں نے صوبے میں آرگینک کھاد اور ماحول دوست سی پی وی سی پائپ کی تیاری شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع سے ملاقات کے دوران شینڈوگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ نے پنجاب میں آرگینک کھاد کا کارخانہ لگانے کا فیصلہ کیا، جس سے کسانوں کو سستی اور معیاری کھاد میسر ہوگی اور زمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
اسی طرح تائیذوحواجیان کمپنی نے ماحول دوست سی پی وی سی پائپ تیار کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا، جو پہلی بار کلورین استعمال کر کے بنائے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
چوہدری شافع نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ دورہ چین کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، اور چین کے سرمایہ کار پنجاب کو سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی مقام سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان منصوبوں سے نہ صرف پاک-چین تجارتی تعلقات کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے، جس کے ساتھ پنجاب صنعتی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔
