کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کی وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی سے ملاقات، امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی
کور کمانڈر پشاور کی وزیر اعلٰی سیکرٹریٹ آمد، کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کی وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی سے ملاقات، امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سہیل آفریدی کی جانب سے وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ منتخب ہونے کے بعد عسکری قیادت سے پہلی اعلٰی سطحی ملاقات کی گئی ہے۔کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کی وزیراعلیٰ پختونخواہ سہیل آفریدی سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں امن وامان کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری اور وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کی ملاقات وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں جمعہ کو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی او صوبے میں دہشتگردی سے نمٹنے کے حوالے سے اقدامات بھی زیر غور آئے۔ذرائع کے مطابق قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ ذرائع وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں قیام امن کی کوششوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے ، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے مل بیٹھ کر لائحہ عمل تیار کیا جانا ضروری ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے اگلے روز وزیراعلٰی نے ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا تھا۔ دوسری جانب متعدد کوششوں کے باوجود سہیل آفریدی کو تاحال عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں مل سکی۔ اس حوالے سے رانا ثناء اللہ کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کی عمران خان سے منگل کے روز ملاقات کروا دی جائے گی۔
