سینیٹر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں فوج کے خلاف بولنے والے اور ادارے کو بدنام کرنے والے سیاستدان بھی احتساب کی زد میں آئیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے لیے کوئی الگ قانون نہیں ہوگا، جو ملک، قوم اور افواج کو نقصان پہنچاتے رہے وہ سب رگڑے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ ن لیگ نے جنرل باجوہ کو خود ایکسٹینشن دی تھی، آج وہی لوگ اداروں پر تنقید کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک اور فوج کے خلاف بولنے والے منافق سیاستدان اب نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "فیلڈ مارشل ایکسٹینشن نہیں لے رہے، تسلسل کو توسیع نہیں کہا جا سکتا۔”
فیصل واوڈا نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری فنڈ کا 10 فیصد مسلح گروہوں کو جاتا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما دوسروں کو چور کہتے تھے مگر خود بھی کرپشن میں ملوث نکلے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکام صوبوں میں ہمیشہ یہی تباہی دیکھنے کو ملتی ہے جہاں منصوبہ بندی کے بجائے صرف لوٹ مار پر زور ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا چہرہ دیکھ لیں، وہ ہمارے دور میں وزیر خارجہ تھے۔ یہ صرف ایک صوبے کا مسئلہ نہیں بلکہ تمام صوبوں کے فنڈز میں بڑے بڑے سکینڈل چھپے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہے اور خود اقتدار کے مزے لے رہی ہے۔
فیصل واوڈا کے مطابق خیبرپختونخوا میں سینیٹ نشستوں پر نورا کشتی سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج فیلڈ مارشل کی قیادت میں ملک کو بچاتی رہے گی اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن رکے گا نہیں بلکہ مزید تیز ہوگا۔ ان کے بقول، جو بھی اس تسلسل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا، چاہے کتنا ہی بڑا لیڈر کیوں نہ ہو، رگڑ دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا تھا کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری فنڈز کا 10 فیصد غیر ریاستی مسلح گروہوں کو دیا جاتا ہے۔ اسلام آباد میں اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں مسلح گروہوں کی اجارہ داری ہے، تاجر آزادانہ کاروبار نہیں کرسکتے اور بھتہ دینے پر مجبور ہیں، جو حکومت کی رٹ پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
سورس اردو پوائنٹ
