گورنر پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ 9 لڑکیوں کی شادی کی ذمہ داری اٹھالی

0
pakalerts.pk

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی کرتے ہوئے 9 لڑکیوں کی شادی کے اخراجات اور ذمہ داری اپنے ذمے لے لی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب لاہور کی تھیم پارک ہاؤسنگ سوسائٹی، موہلنوال میں سیلاب متاثرین کے پاس پہنچے، جہاں ایک ہی خاندان کی 9 بچیوں کا جہیز پانی میں بہہ گیا تھا۔ گورنر نے متاثرہ فیملی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ان بچیوں کی شادیاں اب ان کی ذمہ داری ہیں۔

متاثرین کی داد رسی

دورے کے دوران متاثرہ خاندانوں نے گورنر پنجاب کو اپنے پانی میں ڈوبے ہوئے گھر دکھائے۔ اس موقع پر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پنجاب میں حالیہ بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے، لیکن حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سیلاب زدگان کو روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا اور تھیم پارک ہاؤسنگ سوسائٹی میں عارضی خیمے بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ لوگ محفوظ رہ سکیں۔

سیلاب کی صورتحال

محکمہ ریلیف کے مطابق پنجاب بھر میں سیلاب سے 24 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 10 لاکھ کے قریب لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 48 سے 72 گھنٹوں میں سندھ سے 13 لاکھ کیوسک کا بڑا ریلا گزرنے کا امکان ہے۔

ادھر جنوبی پنجاب بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ ملتان میں دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے، ہیڈ محمد والا پر 4 لاکھ 90 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے اور آج یہ حجم بڑھ کر 8 لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ریسکیو ٹیمیں متعدد دیہات خالی کرا رہی ہیں جبکہ بند پر دباؤ بڑھنے کی صورت میں شگاف ڈالنے کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔

Exit mobile version