غزہ/یروشلم: حماس نے 7 اسرائیلی یرغمالی ریڈ کراس کے حوالے کردئیے ، معاہدے کے تحت 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا عمل شروع ہوگیا۔
عرب میڈیا نے بتایا ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے علاقے دیرالبلح پہنچ گئی ہیں، اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ حماس نے7یرغمالی ریڈ کراس کے حوالے کردئیے تاہم مزید سترہ اسرائیلی کچھ دیر میں رہا کرے گا۔
ریڈکراس نے اسرائیل کو 7 یر غمالیوں کی حوالگی کی تصدیق کردی ، معاہدے کے تحت 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 2 ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔
اسرائیلی یر غمالیوں کے استقبال کیلئے تل ابیب میں ہزاروں افراد جمع ہیں، اسرائیلی وزیراعظم آفس کا کہنا ہے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بعد فلسطینی قیدیوں کو چھوڑ اجائے گا، ریڈ کراس کی بسیں فلسطینی قیدیوں کو لینے کیلئے اوفر جیل پہنچ گئیں۔
دوسری جانب حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈ نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
مزید پڑھیں : حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کو حوالگی کیلیے 3 مقامات پر منتقل کر دیا
اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ جیسے ہی یرغمالیوں کی رہائی عمل میں آئے گی، اسی وقت فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ تبادلہ شرم الشیخ میں طے پانے والے غزہ امن معاہدے کے ابتدائی مرحلے کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور انسانی بحران کو ختم کرنا ہے۔
بین الاقوامی ریڈ کراس رہائی کے عمل کی نگرانی کرے گا تاکہ فریقین کے درمیان معاہدے پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
