قائد مسلم لیگ ن کے مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کے گھر سے روانہ ہوتے وقت گلی میں موجود بچے عمران خان کے نعرے لگاتے رہے
اسلام آباد میں بچوں نے نواز شریف کے سامنے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگا دیے، قائد مسلم لیگ ن کے مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کے گھر سے روانہ ہوتے وقت گلی میں موجود بچے عمران خان کے نعرے لگاتے رہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور اپنے گہرے دکھ و ہمدردی کا اظہار کیا۔محمد نوازشریف نے کہا کہ عرفان صدیقی کی وفات ان کے لیے بہت گہرا اور بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے مرحوم سینیٹر کو قابل، باصلاحیت اور عالم انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وفا اور خلوص کا پیکر تھے اور صحافت کے بعد سیاست میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
نوازشریف نے مزید کہا کہ ان کا عرفان صدیقی سے قلبی تعلق تھا اور ایک قریبی بھائی کی وفات پر اپنا دکھ بیان کرنا مشکل ہے۔انہوں نے مرحوم کی دانشمندانہ نصائح اور مشوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے دوران ان کے مشورے کا بڑا ہاتھ رہا۔اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے عمران صدیقی نے نوازشریف کا شکریہ ادا کیا جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اور سینیٹر پرویز رشید بھی موجود تھے۔
