غزہ سٹی کو ملبے کا ڈھیر بنانے کیلئے اسرائیلی بمباری جاری

0
Pakalerts.pk

اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی پر حملوں میں شدت لاتے ہوئے رہائشی اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق غزہ کے جنوب مغربی علاقے میں پبلک پراسیکیوشن کی عمارت پر تین فضائی حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر زمیں بوس ہوگئی۔

اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں ایک اور رہائشی ٹاور اور 3 شیلٹرز کو بھی تباہ کردیا جبکہ صبح سے اب تک 20 سے زائد عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنایا جا چکا ہے۔

غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 32 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 12 بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حماس نے بلند و بالا عمارتوں میں نگرانی کا سامان نصب کیا تھا، اسی وجہ سے ان پر کارروائی کی گئی۔ فوج کا کہنا ہے کہ شہری علاقے خالی کریں کیونکہ غزہ سٹی کو حماس کا اہم گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔

عینی شاہدین اور رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج غزہ شہر میں زمینی کارروائی کی تیاری کر رہی ہیں۔ گنجان آباد علاقے میں اسرائیلی انتباہات کے باوجود ہزاروں افراد تاحال اپنے گھروں میں موجود ہیں۔

Exit mobile version