اسرائیلی فوج کے غزہ سٹی اور خان یونس پر فضائی حملے

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

غزہ (10 اکتوبر 2025) — اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس اور غزہ سٹی پر رات گئے شدید فضائی حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے خان یونس کے وسط میں واقع کتیبہ کے علاقے کو نشانہ بنایا، تاہم ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

رپورٹ کے مطابق جمعے کی علی الصبح کیے گئے یہ فضائی حملے اس وقت ہوئے جب جمعرات کی رات اسرائیلی کابینہ نے حماس کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے پہلے مرحلے کی منظوری دی تھی۔

الجزیرہ نے مزید بتایا کہ اسرائیلی جنگی ہیلی کاپٹرز نے غزہ سٹی کے مشرقی علاقوں میں بھی اہداف کو نشانہ بنایا، جہاں سے شدید بمباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق شمالی غزہ میں ہونے والے تازہ حملے، جنوبی خان یونس پر کیے گئے فضائی حملوں کے فوراً بعد ہوئے۔ یہ وہ پہلے حملے ہیں جو اسرائیلی حکومت کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے پر دستخط کے بعد رپورٹ ہوئے ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سرحدی اور کھلے علاقوں سے فی الحال دور رہیں، کیونکہ اسرائیلی فورسز کے ممکنہ زمینی انخلا کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

علاقے میں بمباری کے بعد بجلی اور مواصلاتی نظام میں خلل کی بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جب کہ امدادی اداروں نے ممکنہ انسانی بحران کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

Exit mobile version