جیل میں موجود بانی چیئرمین پی ٹی آئی مکمل طور پر صحت یاب ہیں، ان کی صحت کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے؛ اڈیالہ جیل انتظامیہ کا بیان
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے حکام نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل حکام نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں موجود ہیں اور مکمل طور پر صحت یاب ہیں، سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے، ان کی صحت کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان سے متعلق افواہوں پر شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اور بھارتی میڈیا سے بانی کی صحت کے بارے میں گھناؤنی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، حکومت اور وزارتِ داخلہ ان افواہوں کی فوری تردید کرے اور عمران خان کی فیملی سے ان کی فوری طور پر ملاقات کروائی جائے، قوم اپنے قائد سے متعلق کسی ابہام کو برداشت نہیں کرے گی، افواہیں پھیلانے والوں کی تحقیقات کرکے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔دوسری طرف صحافی انصار عباسی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا مصالحتی گروپ ایک بار پھر میدان میں آ گیا جس کے ارکان رواں ہفتے جیل میں قید مرکزی رہنماﺅ ں سے ملاقاتیں کرکے سابق وزیراعظم عمران خان تک اہم پیغامات پہنچانے کی کوشش کریں گے، گروپ کے اہم ارکان فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور مولوی محمود اسی ہفتے مختلف رہنماﺅں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ جیل میں موجود پارٹی قیادت تک اہم پیغام پہنچایا جا سکے۔ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مصالحتی گروپ کی کوٹ لکھپت جیل میں شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات متوقع ہے، اسی طرح لاہور میں عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید سے ملاقات کی کوششیں بھی جاری ہیں، گروپ عمران خان کی بہنوں اور دیگر ہم خیال ساتھیوں سے بھی ملے گا تاکہ پیغامات اور تجاویز کا مکمل تبادلہ کیا جا سکے، اس کے علاوہ عمران خان تک حتمی پیغام پہنچانے کیلئے ایک سینئر وکیل سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
