کراچی میں کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان نہیں، محکمہ موسمیات

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں کل گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، تاہم بادل چھائے رہیں گے اور کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بالائی علاقوں میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہو رہا ہے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر اور گھوٹکی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کل شام کراچی میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور جمعرات تک خطرناک بارش کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بارش شام میں ہوتی ہے تو چھٹی دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، البتہ صورتحال کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی شہر کی ڈرینیج صلاحیت 40 ملی میٹر بارش تک محدود ہے، جبکہ 19 اگست کو 235 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔ اس کے باوجود بارش رُکتے ہی 3 سے 4 گھنٹوں میں مرکزی شاہراہوں کو کلیئر کر دیا گیا تھا اور جہاں گاڑیاں ڈوب گئی تھیں، ان سڑکوں کو بھی چند گھنٹوں میں قابلِ استعمال بنایا گیا۔

Exit mobile version