مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، بارش کے دوران زائرین نے مسجد نبوی ﷺ میں رب کے حضور خصوصی دعائیں کیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق مدینہ میں بارانِ رحمت جم کر برسی جس سے ہر طرف جل تھل ہو گیا۔ بارش کے مناظر اور مسجد نبوی ﷺ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
بارش کے باعث مدینہ منورہ میں گرمی کی شدت کم ہوگئی اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
ادھر سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز نے پیشگوئی کی ہے کہ بارش کا سلسلہ رواں ہفتے کے آخر تک ملک کے مختلف علاقوں میں جاری رہے گا۔ جازان، عسیر، الباحہ، مکہ، مدینہ اور نجران ریجن میں درمیانے سے شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ ریاض، قصیم، حائل اور الشرقیہ ریجن میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
موسمیات مرکز کے مطابق جنوب مغربی اور مغربی پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور بعض مقامات پر گرد آلود ہواؤں کا بھی امکان ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔
