میانوالی (28 اگست 2025): پنجاب کے شہر میانوالی میں پیش آنے والے ایک ہولناک حادثے کے بعد سیف سٹی کیمروں اور ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی نے زخمی شہری کی جان بچا لی۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی کی ایک مصروف شاہراہ پر بے قابو لوڈر رکشہ تیز رفتاری کے باعث کار سے جا ٹکرایا۔ یہ پورا منظر قریبی نصب سیف سٹی کیمروں نے ریکارڈ کر لیا۔ حادثے کی اطلاع فوری طور پر کنٹرول روم تک پہنچی، جہاں ڈیوٹی پر موجود افسر نے حساسیت کو بھانپتے ہوئے ریسکیو ٹیم اور ٹریفک وارڈن کو فوری طور پر موقع پر بھیج دیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسپتال منتقل کر دیا۔
پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ سیف سٹی کیمرے نہ صرف جرائم کی نگرانی کرتے ہیں بلکہ بروقت مدد اور انسانی جانوں کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سڑکوں پر محتاط رہیں اور قانون کی پاسداری کریں، کیونکہ ایک لمحے کی لاپروائی بڑے سانحے کو جنم دے سکتی ہے۔
