نوازشریف کے ساتھ ہونے والے ظلم کی قیمت پاکستانی قوم مدتوں ادا کرے گی

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

اس زیادتی کے نتیجے میں جو حکومت لائی گئی، اس کے ذمہ دار تمام سازشی کردار ہیں، اللہ نے چاہا تو اس بھیانک سازش اور ٹریجڈی کے ذمہ دار دنیا اور آخرت میں قیمت ادا کریں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ہونے والے ظلم کی قیمت پاکستانی قوم مدتوں ادا کرے گی، اس زیادتی کے نتیجے میں جو حکومت لائی گئی، اس کے ذمہ دار تمام سازشی کردار ہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ہونے والے ظلم کی قیمت پاکستانی قوم مدتوں ادا کرے گی۔

اس زیادتی کے نتیجے جو حکومت لائی گئی اور اس حکومت نے وطن عزیز کے ساتھ جو  کھلواڑ کیا اس کے ذمہ دار تمام وہ کردار جنہوں نے سازش تیار کی، اس پہ عملدرآمد کیا اور ملک کو سالوں کے لئے غیر یقینی کیفیت سے دوچار کر دیا ترقی روک دی ایک بد دیانت شخص کو قوم کی قسمت مالک بنا دیا، پوری ایک نسل کو ایک زہریلی سوچ کا مالک بنا دیا۔

ان وڈیوز میں جن کرداروں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں وہ قومی مجرم ہیں اگر ان بزدلوں میں  اخلاقی جرات ہے تو آج یا تو برملا اپنی بات پہ قائم رہیں یا قوم سے معافی مانگیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے میرے قائد کو سرخرو کیا ہر بار سرخرو کیا الحمد وللہ  آج بھائی وزیر اعظم ہے بیٹی وزیر اعلی ۔ مگر میرے اللہ نے چاہا تو اس بھیانک سازش اور ٹریجڈی کے ذمہ دار دنیا اور آخرت میں قیمت ادا کریں گے اور عبرت کا نشان بنیں گے۔ انشاءاللہ 

دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سب زیادہ مقبول لیڈر عمران خان ہے، عمران خان کی مقبولیت کا خوف ان کو کھائے جارہا ہے، عمران خان اپنے فیصلوں کی وجہ سے دن بدن مقبول ہوتے جارہے ہیں، جس طرح عمران خان اس نظام کے خلاف چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور جیل کاٹ رہے ہیں ، یہ نوازشریف نہیں جو ڈیل کرکے لندن اور سعودی عرب بھاگ جائے، نوازشریف نہیں جو مائنس ہوجائے، عمران خان کوئی نوازشریف نہیں جو ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگائے اور لیٹ جائے، لیڈر اور ڈیلر میں یہ فرق ہوتا ہے، نوازشریف کو شہباز شریف اور جماعت نے خود مائنس کردیا ہے۔

عمران خان کبھی مائنس نہیں ہوسکتے کیونکہ عمران خان ہی پی ٹی آئی ہے۔ 

Exit mobile version