خواجہ آصف نے پاک افغان جنگ بندی معاہدے کی تصدیق کردی

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد (19 اکتوبر 2025): وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا مکمل احترام کریں گے۔

خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین سیز فائر معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات فوری طور پر بند کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک باہمی احترام اور علاقائی خودمختاری کے اصولوں پر کاربند رہیں گے۔
خواجہ آصف کے مطابق، 25 اکتوبر کو استنبول میں دونوں ملکوں کے وفود کی دوبارہ ملاقات ہوگی، جس میں تفصیلی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر دفاع نے قطر اور ترکیہ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ثالثی نے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس سے قبل قطر کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں تصدیق کی تھی کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں مذاکرات کے کئی ادوار منعقد ہوئے، جن میں قطر اور ترکیہ نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔

بیان کے مطابق، مذاکرات کے دوران فریقین نے فوری جنگ بندی، باہمی امن، اور دیرپا استحکام کے قیام پر اتفاق کیا ہے، تاکہ خطے میں امن و ترقی کا نیا دور شروع کیا جا سکے۔

Exit mobile version