سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے، ثقافت کے شعبے میں تعاون اور بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ، کئی شعبوں میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوگیا
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط اور کئی شعبوں مین باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام اباد میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف شریک ہوئے، وزیر اعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف کے درمیان بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ ہوا ، اس کے علاوہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے اور ثقافت کے شعبے میں تعاون کا معاہدے پر دستخط کئے گئے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان فارن سروسز اکیڈمی اور کرغزستان ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیا ن مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کرغزستان کے و زیر خارجہ نے دستاویز کا تبادلہ کیا، وزارت تجارت اور کر غزستان کی وزارت معیشت کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے علاوہ کان کنی اور جیو سائنسز میں تعاون ، سیاحت اور توانائی کے شعبے اورپاکستانی بندرگاہوں کو استعمال میں لانے سے متعلق باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا، زراعت اور سرجیکل کے شعبے میں تعاون ، الیکٹرانک ڈیٹا انٹر چینج کے قیام کیلئے دونوں ملکوں کی کسٹم سروسز کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان خوشگوار برادرانہ تعلقات ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون کے 15 معاہدے اور مفاہمتی یادداشتیں اہم پیشرفت ہے، صدر صادر ژپاروف کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے اہمیت کا حامل ہے، توانائی تجارت، روابط کے فروغ اور دیگرشعبوں میں تعاون بڑھائیں گے،پاکستان کرغزستان بزنس فورم سے معاشی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔اس موقع پر کرغزستان کے صدر صادرژاپاروف نے کہا کہ پاکستان کے دورےکی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں،پاکستان جنوبی ایشیاء میں کرغزستان کا اہم شراکت دار ہے، معاشی استحکام اور ترقی کے لیے کاوشیں وزیراعظم پاکستان کے ویژن کی عکاس ہیں، دونوں ملک دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
