پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے
اپاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو افسر بلال بن ثاقب نے وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلال بن ثاقب پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیتے رہیں گے، کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بلال بن ثاقب کا استعفیٰ 21 اگست سے مؤثر ہونے کے ساتھ قبول کرلیا۔بتایا جارہا ہے کہ بلال بن ثاقب کو 26 مئی کو وزیرِ مملکت کے عہدے کے برابر حیثیت کے ساتھ معاون خصوصی کے منصب پر تعینات کیا گیا تھا، انہیں یکم اگست کو 3 سال کے لیے رضاکارانہ خدمات کی بنیاد پرپاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی کا چیئرمین، وزیرِ مملکت کے مساوی حیثیت کے ساتھ مقرر کیا گیا تھا، پاکستان ورچوئل ایسیٹس ریگولیٹری اتھارٹی ایک خود مختار وفاقی ادارہ ہے۔معلوم ہوا ہے کہ اس ادارے کو کثیر شراکت دار بورڈ چلاتا ہے جس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شامل ہیں، اس ادارے کا بنیادی مقصد غیر قانونی مالی سرگرمیوں کی روک تھام، صارفین کا تحفظ، اور فِن ٹیک، ترسیلات اور ٹوکنائزڈ اثاثوں میں مواقع پیدا کرنا ہے، ریگولیٹری سینڈ باکسز کے ذریعے شریعت کے مطابق جدت کو فروغ دینا بھی اس کے دائرہ کار میں شامل ہے۔
