اسلام آباد/بیجنگ (19 اکتوبر 2025): پاکستان نے اپنا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ "HS-1” خلا میں کامیابی سے روانہ کر دیا۔
یہ سیٹلائٹ چین کے جیاوکوان لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا، جہاں پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیم بھی موجود تھی۔
اسپارکو کے ترجمان کے مطابق، کراچی میں واقع اسپارکو کمپلیکس میں سیٹلائٹ کی روانگی کے مناظر براہِ راست دکھائے گئے۔ سیٹلائٹ کے خلا میں پہنچنے کے بعد دو ماہ تک ان-آربٹ ٹیسٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ سیلاب، لینڈ سلائیڈز اور دیگر قدرتی آفات کی پیشگوئی میں مدد فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ یہ نظام ماحولیاتی تبدیلیوں، ارضیاتی خطرات اور زمین کی نگرانی کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔
ان کے مطابق، یہ مشن پاکستان کی قومی خلائی پالیسی اور وژن 2047 کے تحت ایک بڑا سنگِ میل ہے۔
سال 2025 کے دوران خلا میں بھیجا جانے والا یہ پاکستان کا تیسرا سیٹلائٹ ہے، اس سے قبل EO-1 اور KS-1 سیٹلائٹس کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجے جا چکے ہیں، جو اس وقت مکمل طور پر فعال ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس لانچ کے ساتھ پاکستان کا خلائی پروگرام جدید ٹیکنالوجی اور نئی ایپلی کیشنز کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔
