سلمان علی آغا نے پاکستانی ٹیم کی سب سے بڑی کمزوری بتادی

0
pakalerts
pakalerts

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، تاہم آسان نظر آنے والا ہدف آخری اوور تک پہنچانے پر آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے ٹیم کی بنیادی کمزوری کی نشاندہی بھی کردی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کا ہدف پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔ فخر زمان نے 32 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ صاحبزادہ فرحان 16، صائم ایوب 22، جبکہ کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا صرف 1 رن بنا سکے، جبکہ عثمان خان 37 اور محمد نواز 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رچرڈ نگاروا اور ٹینوٹینڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 147 رنز بنائے تھے۔

میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ ٹیم نے اننگز کے آغاز اور آخر دونوں میں مشکلات کا سامنا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "میچ ایک موقع پر پھنس گیا تھا، ہم نے اچھی شروعات نہیں کی اور ایسی صورتحال میں میچ نکالنا مشکل ہوتا ہے۔”

انہوں نے اسپنرز کی کارکردگی کو میچ میں واپسی کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پچ کا جائزہ لے کر کم اسکور کا میچ سوچا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاور پلے میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں بہتری کی ضرورت ہے، اور وہ اس حوالے سے کھلاڑیوں سے بات کریں گے۔

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہیں۔

Exit mobile version