اسلام آباد: ملک میں ریلوے ٹریکس اور ٹرینوں پر دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے بعد قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے محکمہ ریلوے نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ ٹرینوں میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جیمرز کی تنصیب کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، ریلوے نیٹ ورک کو دہشت گردانہ حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ٹرین میں تین جیمرز نصب کیے جائیں گے، جبکہ حساس ریلوے روٹس پر سیکیورٹی گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں کیا گیا، جو سات اکتوبر کو جعفر ایکسپریس پر ہونے والے بم دھماکے کے بعد منعقد ہوا تھا۔
اجلاس میں ریلوے کی اراضی پر قبضہ مافیا کے خاتمے کے لیے بھی سخت اقدامات کی سفارش کی گئی۔ حکام کے مطابق، ریلوے کی مجموعی 16 ہزار ایکڑ زمین زیرِ استعمال ہے، جن میں سے 3 ہزار 253 ایکڑ پر قبضہ جبکہ 457 ایکڑ زمین با اثر افراد کے زیرِ تصرف ہے۔
محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ٹرینوں میں سیکیورٹی کو مضبوط بنانا، مسافروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کو ناکام بنانا ہے
