دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے چوتھے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے عمان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 93 رنز سے ہرا دیا۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی پوری ٹیم صرف 67 رنز پر 16.4 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔ عمان کے آٹھ کھلاڑی دوہائی ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ حماد مرزا نے 27 اور عامر کلیم نے 13 رنز بنائے۔
پاکستان کی بولنگ میں صائم ایوب، سفیان مقیم اور فہیم اشرف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 160 رنز اسکور کیے۔ اوپنر صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، تاہم محمد حارث نے شاندار 66 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 29، فخر زمان نے 23*، محمد نواز نے 19 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان سلمان علی آغا اور حسن نواز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
عمان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے بعد پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی اور ٹیم نے پلان کے مطابق اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجایا۔ عمان کے کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ میں کھیلنا ٹیم کے لیے تاریخی موقع ہے اور اگر وہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ کو ترجیح دیتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
