محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ظاہر کی ہے، چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردو نواح میں موسم گرم و مرطوب جبکہ چند علاقوں میں بارش کا امکان ہے، پنجاب کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں عمومی طور پر خشک موسم، سوات، شانگلہ، بونیر میں بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم و مرطوب، سکھر، گھوٹکی، تھرپارکر میں بارش کا امکان موجود ہے۔

بلوچستان میں جزوی ابرآلود اور مرطوب موسم، ژوب، بارکھان، لسبیلہ میں بارش متوقع ہے جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اراکین نے بارش کی غلط پیشگوئیوں پر محکمہ موسمیات کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس چیئرمین محمد عتیق انور کی زیر صدارت ہوا، جس میں اراکین نے محکمہ موسمیات کی غلط پیشگوئیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

رکن کمیٹی میر منور علی نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی زیادہ تر خبریں غلط نکلتی ہیں، ایک بار چار دن بارش کی پیشگوئی کی گئی لیکن ایک قطرہ بھی بارش نہیں ہوئی۔

رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات جس دن بارش کی اطلاع دیتا ہے اس دن بارش نہیں ہوتی اور جس دن کہتا ہے بارش نہیں ہوگی، اس دن بارش ہو جاتی ہے۔

دریائے سندھ پر زیرِ تعمیر گھوٹکی کندھ کوٹ پل پر کام کیوں روک دیا گیا؟

انہوں نے کہا کہ ہم پیشگوئی سن کر چھتری لے کر نکلتے ہیں لیکن بارش نہیں ہوتی۔

چیئرمین کمیٹی محمد عتیق انور نے کہا کہ کمیٹی کسی دن محکمہ موسمیات کا دورہ کرے گی تاکہ سسٹم کا جائزہ لیا جا سکے اور یہ دیکھا جائے کہ پیشگوئیاں درست کیوں نہیں ہوتیں اور محکمے کے پاس کونسی ٹیکنالوجی موجود ہے۔

Exit mobile version