پشاور: ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ، 3 دہشتگرد ہلاک، 3 ایف سی اہلکار شہید

0
pakalerts
pakalerts

پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر ہونے والا دہشتگرد حملہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران تینوں خودکش حملہ آور ہلاک ہوئے جبکہ فائرنگ اور دھماکے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق حملہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر ہوا۔ ایک حملہ آور نے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو دیگر حملہ آور ہیڈ کوارٹر کے اندر گھسنے میں کامیاب ہوئے، تاہم اہلکاروں نے دونوں کو فائرنگ کر کے مار گرایا۔

ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال نے بتایا کہ جوانوں نے انتہائی بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور ایک بڑا سانحہ ہونے سے بچا لیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق واقعے میں 9 افراد زخمی ہوئے جن میں 3 ایف سی اہلکار اور 6 شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ایک زخمی کو خیبر ٹیچنگ اسپتال بھی منتقل کیا گیا، جس کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

حملے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرانس پشاور نے بی آر ٹی کی مرکزی راہداری پر بس سروس عارضی طور پر معطل کر دی، تاہم فیڈر روٹس معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے بڑا نقصان ہونے سے بچ گیا۔ انہوں نے ذمہ داران کی فوری شناخت اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگرد ملک کی سالمیت پر حملہ کرنا چاہتے ہیں مگر ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے جائیں گے۔

Exit mobile version