وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فتنے الہند کے دہشت گردوں کے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ بدھ کے روز وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
وزیراعظم نے اس حملے میں شہادت پانے والے میجر محمد رضوان طاہر، نائیک ابن امین اور لانس نائیک محمد یونس کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے جوابی کارروائی میں چار دہشت گردوں کو واصل جہنم کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی جرأت کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے سپاہی ملک کے دفاع میں چٹان کی مانند کھڑے ہیں، پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہم پوری طرح پرعزم ہیں اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
