لاہور (31 اگست 2025) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق شہر کے بیشتر اسکول یکم ستمبر سے کھل جائیں گے، تاہم 45 سرکاری اسکول سیلابی صورتحال کے باعث بدستور بند رہیں گے، کیونکہ ان اداروں کو ریلیف کیمپس میں تبدیل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مانگا منڈی، چوہنگ، سگیاں، شاہدرہ، بند روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ کے اسکول تاحال بند رہیں گے۔ اسی طرح شاہ پور کانجراں، رنگیل پور اور موہلنوال کے اسکول بھی فی الحال نہیں کھولے جائیں گے۔
دوسری جانب، دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بہاولنگر سمیت متاثرہ اضلاع میں تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور جامعات 5 ستمبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز بھی بند رہیں گے۔
ادھر پنجاب یونیورسٹی میں بھی موسم گرما کی تعطیلات کے بعد کلاسز کا آغاز ایک ہفتے کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ رجسٹرار کے مطابق یکم سے 7 ستمبر تک زیرو ویک ہوگا، تاہم ہاسٹلز کی الاٹمنٹ کا سلسلہ جاری رہے گا اور کلاسز باقاعدہ طور پر 8 ستمبر سے شروع ہوں گی۔
