ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 24 اگست کو ہوگا

0
Pakalerts.pk
Pakalerts.pk

اسلام آباد: ربیع الاوّل 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 24 اگست بروز اتوار شام ساڑھے چھ بجے وزارتِ مذہبی امور کے کوہسار بلاک کی چھت پر طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد ہوں گے، جہاں موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر ربیع الاوّل کا اعلان کیا جائے گا۔ اس موقع پر اجلاس کی کارروائی کی لائیو کوریج کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سپارکو نے پیشگوئی کی ہے کہ ربیع الاوّل کا چاند 23 اگست کو دن 11 بج کر 6 منٹ پر پیدا ہوگا۔ 24 اگست کی شام تک چاند کی عمر 32 گھنٹے سے زائد ہو چکی ہوگی اور ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان وقفہ تقریباً 45 منٹ کا ہوگا۔ ماہرین کے مطابق اگر موسم صاف رہا تو 24 اگست کی شام چاند نظر آنے کے امکانات واضح ہیں۔

ماہ ربیع الاوّل کی پہلی تاریخ 25 اگست 2025 کو ہونے کی توقع ہے، جس کے مطابق 12 ربیع الاوّل بروز جمعہ 5 ستمبر کو عید میلاد النبی ﷺ منائی جائے گی۔ عام تعطیل کے ساتھ 6 اور 7 ستمبر ہفتہ و اتوار کی چھٹیوں کے باعث سرکاری ملازمین کو تین مسلسل تعطیلات ملیں گی۔ مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے پہلے ہی اپنے آبائی علاقوں جانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔

سورس اردو پوائنٹ

Exit mobile version