فیصل آباد (25 اگست 2025): انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو رانا ثنا اللہ کے گھر پر حملے کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت متعدد رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شبلی فراز، عمر ایوب، زرتاج گل، کنول شوذب، احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، انصر اقبال اور بلال اعجاز سمیت دیگر کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی کو مقدمے سے بری کردیا۔
فیصلے کے مطابق 109 ملزمان میں سے 75 کو سزائیں اور 34 کو بری کردیا گیا۔ ان میں سے 59 ملزمان کو 10،10 سال اور 16 ملزمان کو 3،3 سال قید کی سزا دی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج جاوید اقبال نے فیصلہ سنایا۔ یہ مقدمہ 9 مئی 2023 کو رانا ثنا اللہ کے گھر پر حملے کے بعد تھانہ سمن آباد میں درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق 4 مقدمات میں پی ٹی آئی قیادت سمیت 21 رہنما نامزد ہیں، جن میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل، علی امین گنڈاپور، فرخ حبیب، شاہ محمود قریشی، فیض اللہ کموکا سمیت دیگر شامل ہیں۔
ملزمان میں بعض صوبائی اور قومی اسمبلی کے اراکین جیسے صاحبزادہ حامد رضا، علی سرفراز، عمر فاروق، خیال کاسترو، شاہد جاوید، لطیف نذر اور اسماعیل سیلا بھی شامل ہیں۔
