نومنتخب وزیراعظم اے جے کے فیصل ممتاز راٹھور نے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ان سے حلف لیا، تقریب میں بلاول بھٹو زرداری سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں

 آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا، صدر آزاد کشمیر علالت کی وجہ سے وزیراعظم سے حلف نہیں لے سکے جس کی وجہ سے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے ان سے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر اہم شخصیات نے حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی فیصل راٹھور آزاد کشمیر کے 16ویں وزیراعظم منتخب ہوئے، اس سے پہلے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری مکمل ہوئی، ارکان اسمبلی نے ہاتھ کھڑے کرکے رائے شماری میں حصہ لیا، پیپلزپارٹی کے نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں 36 ووٹ آئے جب کہ مخالفت میں 2 ووٹ آئے۔

بتایا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی، آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد پر بحث ہوئی جہاں پیپلز پارٹی نے فیصل راٹھور کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے 35 سے زائد ووٹوں کی حمایت کا دعویٰ کیا۔

بتایا جارہا ہے کہ آزاد کشمیر کا ایوان 53 ارکان پر مشتمل ہے جس میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے 27 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے سادہ اکثریت حاصل ہوئی، مسلم لیگ ن نے بھی انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا جب کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمعہ 14 نومبر کو ارکان اسمبلی چوہدری قاسم مجید، سردار جاوید ایوب، ملک ظفر اقبال، علی شان سونی اور محمد رفیق نیئر نے جمع کروائی تھی۔

Exit mobile version