اسلام آباد (22 ستمبر 2025) — روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا، عدالت نے فیصلہ آنے تک نانبائیوں کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق نانبائی ایسوسی ایشن نے روٹی اور نان کی قیمت مقرر کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 30 ستمبر کو نانبائی ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی ہدایت کی گئی۔ عدالت نے یکم اکتوبر کو دوبارہ سماعت کی تاریخ مقرر کر دی۔
سماعت کے دوران نانبائی ایسوسی ایشن کے وکیل بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے مؤقف اپنایا کہ تباہ کن سیلاب کے بعد گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، لیکن ضلعی انتظامیہ نے زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے یکطرفہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ وکیل نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے ایسوسی ایشن کے خدشات سننے سے بھی انکار کیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ فریقین کی بات سنے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔ لہٰذا، ضلعی انتظامیہ فی الحال نانبائیوں کے خلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی نہ کرے۔
