سلمان آغا ٹی ٹونٹی کا کھلاڑی نہیں، زبردستی فٹ کیا جارہا ہے : کامران اکمل

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

سلمان کا کیریئر بچانا چاہیے، وہ مختصر فارمیٹ کھیلیں گے تو دباؤ میں آجائیں گے : سابق وکٹ کیپر بیٹر

سابق کرکٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا ٹی 20 کا کھلاڑی نہیں زبردستی فٹ کیا جارہا ہے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ سلمان آغا کو ٹی 20 کرکٹ میں نہیں کھلانا چاہیے ان کا کیریئر بچانا چاہیے، وہ مختصر فارمیٹ کھیلیں گے تو دباؤ میں آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سلمان آغا کی بجائے ٹی 20 کا کپتان شاہین آفریدی کو ہونا چاہیے، بابر اعظم ایک سال بعد ٹیم میں آئے تھوڑا وقت دیا جاسکتا ہے۔ 

کامران اکمل نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی، کوچ، کپتان پاکستان کی شکست کے ذمہ دار ہیں، پاکستان ٹیم اچھی ٹیموں سے ہار رہی ہے، ہماری کرکٹ بری ہوتی جارہی ہے۔ 

سابق کرکٹر نے کہا کہ ہماری کرکٹ ٹیم کی کارکردگی ہر دن کے ساتھ بری ہوتی جارہی ہے، جو ایسے کھلاڑیوں ٹیم میں کھلاتے ہیں وہی شکست کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بلے بازوں کی فاسٹ بولرز کو کھیلنے کی تکنیک ہی صحیح نہیں، ہمارے کھلاڑیوں کے بلے پر بال آہی نہیں رہی تھی، ٹیم کو کوئی پلاننگ نہیں ہوگی تو پھر ایسے ہی نتائج ہوں گے۔ 

سابق اوپنر یاسر حمید نے کہا کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ کے آغاز سے ہی لگ رہا تھا کہ 194 رنز ان کے لیے زیادہ ہیں، صائم ایوب نے اچھی اننگز کھیلی انہیں میچ ختم کرکے آنا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی تیاری اور مائنڈ سیٹ بہت پیچھے چلا گیا ہے، ہمارے کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کی اہمیت ہی نہیں سمجھتے، ٹیم میں کھلاڑیوں کے متبادل کا بھی مسئلہ بن گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں 55 رنز سے شکست دے دی، پاکستان کی ٹیم 195 رنز کے تعاقب میں 18.1 اوورز میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

Exit mobile version