سردیوں کے باقاعدہ آغاز سے قبل عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ

0
pakalerts.pk
pakalerts.pk

ایل این جی مزید مہنگی کر دی گئی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

 سردیوں کے باقاعدہ آغاز سے قبل عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ، ایل این جی مزید مہنگی کر دی گئی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق گیس کمپنیوں کی اکتوبر 2025ء کے لئے ری گیسیفائیڈ لیکوئڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی قیمتوں کا تعین کر کے اضافہ کیا ہے جس کا اطلاق یکم اکتوبر 2025ء سے ہوگا۔

بدھ کو اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل)کے صارفین کے لیے قیمتوں میں گزشتہ ماہ (ستمبر2025ء)کے مقابلے میں آر ایل این جی کی قیمت میں 1.81فیصد یا 0.2173ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کا اضافہ ہوا ہے جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل)کے صارفین کے لیے قیمتوں میں ستمبر 2025ء کے مقابلے میں0.2198 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو یا2فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ میں درآمدی قیمتوں (ڈیلیوری ایکس شپ ) کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس این جی پی ایل صارفین کے لیے آر ایل این جی کی اوسط فروخت کی قیمت 12.2300ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو اور ایس ایس جی سی ایل صارفین کے لئے 11.2304 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی ہے۔

دوسری جانب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 اکتوبر سے پیٹرول کی قمیت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر کی کمی ہوسکتی ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے کمی کا امکان ہے، مٹی کا تیل 2 روپے 75 پیسے اور لائٹ ڈیزل 1 روپیہ 64 پیسے سستا ہونے کی توقع ہے، تاہم اگر اگر حکومت نے لیوی ٹیکسز بڑھائے تو ریلیف کم یا ختم ہوسکتا ہے، انڈسٹری نے ورکنگ اوگرا کو بھیج دی ہے، اوگرا کو بھیجی گئی ورکنگ میں ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ شامل نہیں، اوگرا کل سمری بھیجے گی، قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفیکشن وزارت خزانہ جاری کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ یکم اکتوبر سے اب تک پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں 3.76 فیصد کمی کے بعد نئی قمیت 162.96 سے کم ہوکر 158.86 روپے پر آچکی ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قمیت میں 0.6 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 174.28 سے کم ہوکر 173.31 روپے ہوگئی، اسی طرح مٹی کے تیل کی ایکس ریفائنری قمیت میں دو ہفتوں کے دوران 1.8 فیصد کمی ہوئی، ایکس ریفائنری قیمت 156.61 روپے سے کم ہوکر 153.86 روپے پر آگئی، لائٹ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں بھی 1.1فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور ایکس ریفائنری قمیت 143.70 روپے سے کم ہوکر 142.06 روپے ہوگئی۔

بتایا جارہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گرچکی ہیں جہاں پیٹرول کی قیمت 76 ڈالر51 سینٹ سے کم ہوکر 73 ڈالر 71 سینٹ پر آگئی، عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں فی بیرل 2 ڈالر80 سینٹ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، پیٹرول پر فی بیرل پریمئم میں 35 سینٹ کمی ہوئی، پیٹرول کی فی لیٹرقیمت میں 2 سینٹ کمی دیکھی گئی۔

Exit mobile version