ہلاک دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی کارروائیوں، اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، آئی ایس پی آر
پاک فوج کا ملک بھر میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان میں آپریشن کے دوران 13 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کردیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس میں 13 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ انٹیلی جنس آپریشن پر سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ سکیورٹی فورسز نے ہلاک خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی کارروائیوں، خودکش حملے کی سہولتکاری، اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز ملک میں سے دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔
